حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، شام کے صدر بشار الاسد نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوریہ میں ،روسی فوجی اڈوں اور فوجیوں کی موجودگی امن و امان ،استحکام اور عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ضمانت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، انہوں نے روس کے زفزدا نجی ٹی وی نیٹ ورک کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شام آج عالمی دہشت گردوں سے جنگ میں مصروف ہے اور روس امن و سلامتی اور استحکام کے حصول میں ہماری مدد کر رہا ہے ، لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے بعد ، روس بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک کو بین الاقوامی قانون کے نفاذ کی ترغیب دے کر عالمی سطح پر ایک مختلف کردار ادا کرے گا ۔
سوریہ کے صدر بشار الاسد نے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات کے موجودہ نظام میں ، طاقتوں کے مابین پھوٹ پڑ رہی ہے اور روس کو اس سلسلے میں اپنا کھویا ہوا توازن بحال کرنا ہوگا۔
بشار الاسد نے کہا کہ روس کی فوج کی موجودگی نہ صرف شام میں بلکہ پوری دنیا میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے ، روس کی موجودگی امن و سلامتی کی ضامن ہے اور اس نے عالمی نظام میں مزید توازن پیدا کیا ہے ، یقینا اگر یورپ ممالک دنیا میں مسائل پیدا کرنے کے لئے اپنی دشمنانہ پالیسی اور فوجی طاقت کے استعمال کو ترک کرتے ہیں تو ، روس کو کبھی بھی اس پالیسی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ آج دنیا کو توازن کی ضرورت ہے۔